بلوچستان ہائیکورٹ میں شاہراہوں کی بندش کے خلاف آئینی درخواست دائر

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان ہائیکورٹ میں شاہراہوں کی بندش کے خلاف آئینی درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست گوادر کے رہائشی نذیر بلوچ کی جانب سے دائرکی گئی، کیس کی سماعت بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ اور جسٹس شوکت علی رخشانی نے کی، درخواست گزار کی جانب سے کیس کی پیروی امان اللہ کنرانی ایڈووکیٹ نے کی۔

عدالت نے آئینی درخواست پر وفاقی وصوبائی سیکرٹری داخلہ و متعلقہ کمشنرز کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا۔

درخواست گزار کے مطابق راستوں کی بندش سے عوام کو آمدورفت، کاروبار، تعلیم و صحت کی راہ میں مشکلات و مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مریض، مسافر اور طالب علم راستے میں پھنسے ہوتے ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں