ہم ملک کے امن کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء کے مقروض ہیں: ملک احمد خان
لاہور:(دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ہم ان لوگوں اور شہداء کے مقروض ہیں جنہوں نے ملک کے امن کیلئے قربانیاں دیں۔
یوم شہداء پولیس کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ یہ مجلس ان شہداء کے ورثاء کی ہے جن کا حق ہم ادا نہیں کر سکتے، جب کیپٹن احمد مبین شہید ہوئے تب میں حکومت کا ترجمان تھا، مال روڈ پر شہداء اور ان کے خاندانوں کو میں آج تک نہیں بھولا۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک جس طرف جا رہا ہے افراتفری پھیلا دی گئی ہے، میرے پاس الفاظ نہیں ہیں جتنی قربانیاں یہاں بیٹھے شہداء کے خاندانوں نے دی ہیں ، ہم ان لوگوں اور شہداء کے مقروض ہیں جنہوں نے امن کے لئے قربانیاں دیں۔
ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ ہم شہداء کے بچوں کو ایف ایس سی تک مفت تعلیم دے رہے ہیں ، پولیس شہداء کیلئے ہم مزید مراعات وزیر اعلیٰ پنجاب کی مشاورت سے لیکر آئیں گے ، شہداء کے بچوں کو ہم ہر طرح کی مراعات دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کی یاد میں قصور کے ایک چوک کو وال آف فیم کے طور پر بنایا جائے گا، پاکستان کی سالمیت کی کہانی افراد کے کندھوں پر ہے، اگر وہ شہداء جیسے ہوں تو ملک آگے بڑھے گا۔