پیرس اولمپکس: ارشد ندیم کو گولڈ میڈل سے نواز دیا گیا
پیرس: (دنیا نیوز) مینز جیولین تھرو کے مقابلے میں تاریخی کامیابی حاصل کرنیوالے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل سے نواز دیا گیا۔
پیرس اولمپکس مینز جیولین تھرو کے مقابلے میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو میڈل دینے کی تقریب میڈل دینے کی تقریب آئفل ٹائفل کے قریب چیمپئنز پارک میں منعقد کی گئی، تقریب کے دوران گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو برانز میڈل دیا گیا، بھارت کے نیرج چوپڑا کو سلور میڈل دیا گیا۔
قومی ہیرو ارشد ندیم کے کارنامے کی بدولت پیرس میں پاکستانی پرچم بلند ہوگیا، قومی ترانہ بھی بجایا گیا، تقریب میں قومی ترانہ کے موقع پر ارشد ندیم کی آنکھیں نم ہوگئیں۔
ارشد ندیم نے گزشتہ رات 92.97میٹر تھرو کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کیا ،ارشد ندیم نے 92.97میٹر تھرو کر کے اولمپکس میں نیا ریکارڈ قائم کیا تھا، ارشد ندیم نے 40 سال بعد پاکستان کو اولمپکس گیمز میں گولڈ میڈل جتوایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم پر انعامات کی بارش، وزیراعلیٰ پنجاب نے 10 کروڑ کا اعلان کردیا
ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر ملک بھر میں جشن منایا جارہا ہے ، ارشد ندیم کے گھر کے باہر لوگوں کا جشن ، میاں چنوں کے شہزادے نے سبھی کے دل جیت لئے، شہرشہر لوگوں نے ارشد ندیم کی کامیابی کو سراہا ، ارشد ندیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔
اس سے قبل 1984 میں پاکستان نے آخری مرتبہ ہاکی کا ایونٹ جیت کر پاکستان کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جتوایا تھا، پاکستان نے 32 سال بعد اولمپکس میں کوئی میڈل جیتا ہے، 1992ء میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں ہالینڈ کو 3-4 سے شکست دے کر آخری بار اولمپک پوڈیم پر چڑھ کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنیوالے ارشد ندیم کی کامیابی کے سفرپرایک نظر
پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان کی جانب سے کسی اتھلیٹ نے انفرادی حیثیت میں اولمپکس گیمز میں گولڈ میڈل جیتا ہو۔