وزارتیں ختم کرنے کا معاملہ، وزیر اعظم کے احکامات پر عملدرآمد شروع
اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزارتوں کو ختم کرنے کے معاملہ پر وزیر اعظم شہباز شریف کے احکامات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا۔
وزارت ہیلتھ سروسز کو ختم کرنے کے لیے رپورٹ تیار کر لی گئی ہے، ذرائع کے مطابق وزارت صحت کے تمام منصبوبوں کو متعلقہ صوبوں کے حوالے کیا جائے گا۔
رپورٹ میں اسلام آباد کے ہسپتال، ڈی ایچ او آفس پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے اور وزارت صحت کے ملازمین کو سرپلس پول میں بھیجے جانے کی تجویز ہے۔
پولی کلینک ہسپتال کی جینیٹوریل اور سکیورٹی کو آؤٹ سورس کیا جائے گا جبکہ وزارت صحت کو ختم کرنے کے بعد نئی ڈویژن بنانے کے ساتھ ساتھ آئی پی سی میں سوشل سیکٹر افئیر ونگ بنانے کی تجویزدی گئی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ نیا ونگ صوبوں کے ساتھ صحت اور پاپولیشن سے متعلق امور دیکھے گا تاہم شیخ زید ہسپتال اور این ائی سی وی ڈی کو صوبوں کے حوالے کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔