اظہر مشوانی کےبھائیوں کی عدم بازیابی: ہائیکورٹ کا توہینِ عدالت کی کارروائی کا عندیہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اظہر مشوانی کے بھائیوں کی عدم بازیابی پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اظہر مشوانی کے 2 لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کیلئے ان کے والد کی درخواست پر سماعت کی، لاپتہ پروفیسر مظہر الحسن اور پروفیسر ظہور الحسن کے والد کی جانب سے وکیل بابر اعوان عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کی رپورٹ پہلے ہی فائل ہو چکی ہے، سکیورٹی اداروں کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں بھائیوں کے حوالے سے کچھ معلوم نہیں۔
عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی ایف آئی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ اب میں تمام فریقین کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کروں گا، جواب دیں کیوں نہ توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 15 اگست تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اظہر مشوانی کے دونوں لاپتہ بھائیوں کو بازیاب کرا کر عدالت پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔