وزیراعلیٰ مریم نواز کا ارشد ندیم کو 10 کروڑ کا چیک اور گاڑی کا تحفہ
میاں چنوں: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جیولن تھرور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو انعامات سے نواز دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے میاں چنوں میں ارشد ندیم سے ملاقات کی اور تاریخ ساز کامیابی پر انہیں مبارک باد پیش کی، مریم نواز نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر 10 کروڑ روپے کی انعامی رقم اور کار بھی دی۔
بعدازاں مریم نواز، ارشد ندیم سے ملاقات کر کے بذریعہ ہیلی کاپٹر لاہور کیلئے روانہ ہو گئیں۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ارشد ندیم کو فیملی کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس مدعو کر لیا، ارشد ندیم اپنے اہلخانہ کے ہمراہ وزیراعظم کے عشائیہ میں شریک ہوں گے۔
قومی ایتھلیٹ اور ان کی فیملی کو پروٹوکول کے ساتھ وزیراعظم ہاؤس لایا جائے گا، ارشد ندیم فیملی کے ہمراہ عشائیہ میں شرکت کے لئے بذریعہ جہاز اسلام آباد پہنچیں گے۔