ن لیگ اور پی پی کا پنجاب کی ترقی کیلئے سیاسی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، دونوں جماعتوں کا صوبہ پنجاب کی مجموعی ترقی اور عوامی ریلیف کے لئے سیاسی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے باہمی تعاون کو بہتر بنانے کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صوبے اور عوام کی ترقی کے لئے اقدامات کو سراہا، پی پی پی رہنماؤں کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے صوبے کی ترقی کے لئے جاری پروگراموں کی حمایت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی کسانوں، زراعت، نوجوانوں سمیت دیگر طبقات کی بہتری کے لئے سکیموں میں مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق ہوا، حلقوں میں ترقیاتی اقدامات، نوجوانوں کی ہنرمندی، سولر سسٹمز کی عوام کو فراہمی میں اشتراک عمل سے آگے بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔

اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ صوبہ میں موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے، امن وامان یقینی بنانے، جدید آئی ٹی نظام کے فروغ پر مؤثر عملدرآمد کے لئے تعاون جاری رہے گا، حسن مرتضی، ندیم افضل چن، حیدر گیلانی نے پی پی پی جبکہ سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی نمائندگی کی۔

مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے وفد کی آمد اور سیاسی تعاون جاری رکھنے پر پی پی پی کی قیادت اور رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا، مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیپلزپارٹی سمیت تمام اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر کاربند ہیں، پاکستان اور عوام کے مفادات کے لئے تمام اتحادی جماعتوں کے اتحاد اور تعاون کے جذبے کو سراہتے ہیں۔

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ اختلاف رائے ہمارا بنیادی حق ہے، مل کر عوامی ایشوز کو حل کرنے پر اتفاق رائے کرتے ہیں، علی حیدر گیلانی نے کہا کہ عوامی ریلیف کے فارمولے پر اتفاق کرنے پر ہم وزیراعلیٰ مریم نواز اور پی ایم ایل این کی کمیٹی کے مشکور ہیں، تمام رکاوٹوں کو دور کرکے آگے بڑھنے میں ہی اتحادی حکومت کے ثمرات عوام کو ملیں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں