وزیر اعظم کو ایم کیو ایم پاکستان کا مہنگائی میں کمی پر خراج تحسین

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی ملاقات، مہنگائی میں کمی پر خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چئیرمین، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی کی زیر قیادت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات کرنےوالوں میں اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد فاروق ستار ، مصطفیٰ کمال، اور سید امین الحق شامل تھے.

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور مشیرِ وزیراعظم برائے سیاسی امور و بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وزیراعظم کی قیادت میں معاشی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا اور وزیر اعظم کی کاروبار دوست پالیسیوں اور برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔

وفد نے وزیرِ اعظم کو معیشت کی ترقی کیلئے تجاویز اور ملکی معاشی مراکز بالخصوص کراچی کے لوگوں کی خوشحالی کیلئے تجاویز پیش کیں۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، حکومت کی انتہائی اہم اتحادی جماعت ہے، اتحادی جماعتوں کے تعاون سے ملکی ترقی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ملک کا اہم ترین شہر اور ملک کی معیشیت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کراچی کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ ملاقات میں سندھ بالخصوص کراچی اور دیگر شہری علاقوں کے مسائل کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں