کپیسٹی پیمنٹس پر بات چیت جاری، امید ہے مسئلہ حل ہو جائیگا: سردار ایاز صادق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کپیسٹی پیمنٹس کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، امید ہے کپیسٹی پیمنٹس کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

ڈسکوز کی نجکاری کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ 2015 میں پاکستانی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی گرین پارلیمنٹ بنی، حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں صرف ریگولیٹری فریم ورک کا کردار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اس وقت توانائی کی قیمتوں کا ایشو ہے، اس وقت کپیسٹی ادائیگیوں کا معاملہ زیر بحث ہے، جب آئی پی پیز لگے ڈالر ریٹ کیا تھا؟ اب کیا ہے؟ 2008 میں بہت لوڈ شیڈنگ تھی، کوئی سرمایہ کاری پر تیار نہیں تھا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ روس یوکرین تنازع کے باعث تیل کی قیمتیں بڑھیں، ڈسکوز کے نقصانات بہت زیادہ ہیں کسی کا نقصان دوسرا کیوں بھرے، وزیر اعظم ٹیوب ویل سولرائزیشن کا سوچ رہے ہیں، سولرائزیشن کی وجہ سے بڑے صارفین گرڈ سے نکل رہے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پانچ سال بعد سپیکر کا چارج سنبھالا تو دیکھا آئی ٹی والا قانون سازی میں بٹھایا گیا ہے، ہم نے جس کا رول تھا واپس اسی کو سونپا ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ جب سردیاں آئیں گی بجلی کی طلب کم ہوگی، بجلی کی سردیوں میں طلب بڑھانے پر رعایت دینے پر کام ہو رہا ہے، کپیسٹی پیمنٹ میں کمی پر بھی کام ہو رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں