ترکیہ کے انٹیلی جنس ادارے نے اسرائیلی جاسوس کو گرفتار کرلیا

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ نےاسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کرنےو الے ایک اور ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے انٹیلی جنس ادارے ایم آئی ٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کوسوو کی شہریت رکھنے والے ایک شخص کو اسرائیلی ایجنسی موساد کے مالیاتی نیٹ ورک کی انتظام کاری کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ترکیہ کی خفیہ ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق لریڈون ریکسیپی نامی شخص کو 30 اگست کو ترکیہ میں موساد کے ایجنٹوں کو رقوم کی منتقلی کے الزام کے تحت حراست میں لیا گیا۔

ایم آئی ٹی کے مطابق کوسووو کی شہریت رکھنے والے لریڈون ریکسیپی کی 25 اگست سے نگرانی کی جارہی تھی، جس کے دوران یہ پایا گیا کہ مبینہ طور پر لریڈون نے یورپی ممالک بالخصوص کوسووو سے ترکیہ میں موساد کے ایجنٹوں کو رقوم کی منتقلی میں سہولت کاری کی۔

ترکیہ کے خفیہ ادارے کے مطابق لریڈون کی جانب سے منتقل کی گئی رقوم شام میں انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے، فلسطینیوں کے خلاف نفسیاتی اور ڈرون آپریشنز میں استعمال کی گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں