دہشتگردی کیخلاف کوششیں آخری دم تک جاری رکھیں گے: صدر مملکت

لاہور: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے آخری دم تک کوششیں جاری رکھیں گے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے لاہور میں کیپٹن محمد علی قریشی شہید کے گھر جا کر شہید کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا، صدر مملکت نے کیپٹن محمد علی قریشی شہید کیلئے فاتحہ خوانی کی اور محمد علی قریشی کی خدمات اور بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آصف علی زرداری نے شہید کے بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی، کیپٹن محمد علی قریشی گزشتہ دنوں بلوچستان میں شہید ہوئے تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ مُشکل کی اس گھڑی میں ہمدردیاں شہید کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت سے جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہوئیں، دہشت گردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے آخری دم تک کوششیں جاری رکھیں گے۔

صدر مملکت نے شہید کیپٹن کے اہلِ خانہ کے جذبہ حب الوطنی اور ایثار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

بعدازاں صدر زرداری لاہور سے کراچی روانہ ہو گئے، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے صدر مملکت کو الوداع کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں