تمام مہذب ممالک میں پُرامن احتجاج بارے قوانین ہیں: عرفان صدیقی
اسلام آباد :(دنیا نیوز ) سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا ہےکہ تمام مہذب ممالک میں پُرامن احتجاج ریگولیٹ کرنے کیلئے قوانین ہیں۔
سینیٹرعرفان صدیقی کا سینیٹ اجلاس میں نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جمعہ کو اپوزیشن کی تحمل سے بات سنی، شبلی فراز نے جمعہ کو مجھ پر طنز کے نشتر برسائے، شبلی فراز نے پُرامن احتجاج سے متعلق قانون پر تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ ایوان کے ماحول کو بہتر کرنے کی کوشش کی، شبلی فراز کے بیان کو نظر انداز کرتا ہوں، پُرامن احتجاج سے متعلق قانون کوئی نیا نہیں، پانچ جماعتوں نے بل پیش کیا، دنیا کے تمام مہذب ممالک میں پُرامن احتجاج کو ریگولیٹ کرنے کےلئے قوانین ہیں۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں ایسے 3 قوانین ہیں جس میں سخت سزائیں ہیں، برطانیہ میں پُرامن احتجاج نہ ہو تو 10 سال تک سزا ہے، پُرامن احتجاج کو ریگولیٹ کرنے کےلئے امریکہ میں بھی قوانین ہیں۔
انہوں نے مزید کہا انتظامیہ کے اندھے اختیارات کو نکیل ڈالی ہے، احتجاج کرنے والوں کے علاوہ یہاں بسنےوالے 25 کروڑ لوگوں کے بھی حقوق ہیں، قانون کنٹینرز لگا کر کروڑں خرچ نہ کرنے اور راستے نہ روکنے سے متعلق ہے۔