شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں: چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی پارلیمنٹ خاص طور پر سینیٹ شنگھائی تعاون تنظیم کے فریم ورک کے تحت تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے شنگھائی تعاون تنظیم کی تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی، امن اور استحکام کے ہمارے مشترکہ اہداف پارلیمانی اداروں کی فعال شمولیت سے مزید موثر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تاجر نمائندوں و مندوبین سے خطاب کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے، ایس سی او رکن ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے اس اہم کانفرنس کے انعقاد پر میں ایف پی سی سی آئی کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری و تجارت کے فروغ کے لئے ایف پی سی سی آئی کا عزم قابل تعریف ہے، رواں برس اس حوالے سے پاکستان ایس سی او کے سربراہان اور متعلقہ وزر اکی ہونے والی دو اعلیٰ سطح کی کانفرنسز کی میزبانی کر رہا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ان تقاریب سے شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے، بہتری کے نئے راستے تلاش کرنے کے مواقع میسر ہوں گے، انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ شانہ بشانہ کام کرنے سے ہم اپنی معیشتوں اور اپنے لوگوں کو دیرپا فائدے پہنچا سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہہ دنیا بھر اور خاص طور پر شنگھائی تعاون تنظیم کا خطہ اہم جیو اکنامک اور جیو سٹریٹجک تبدیلیوں کا شکار ہوا ہے، دنیا کی 40 فیصد سے زیادہ آبادی اور عالمی معیشت کے تقریباً 20 فیصد کے ساتھ ایس سی او دنیا کی سب سے بڑی علاقائی تنظیموں میں سے ایک بن چکی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ہماری تجارت کا تقریباً 28 فیصد ایس سی او کے رکن ممالک کے ساتھ وابستہ ہے، پاکستان تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کی بے پناہ صلاحیتوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں