پنجاب حکومت نے کورٹ فیسوں میں کمی کردی

لاہور : (دنیا نیوز) پنجاب حکومت کورٹ فیسوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی منظوری کے بعد بورڈ آف ریونیو پنجاب کی طرف سے عدالتی فیسوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سول کورٹ سے آرڈر یا فیصلے کی مصدقہ کاپی کیلئے ون ٹائم 100 روپے کورٹ فیس مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائیکورٹ سے آرڈر یا فیصلے کی مصدقہ کاپی پر ون ٹائم کورٹ فیس 500 روپے ہو گی۔

پنجاب ٹیننسی ایکٹ 1887 کے تحت بورڈ آف ریونیو یا کمشنرز کو نظر ثانی درخواست یا سی پی سی سیکشن 15 کے تحت ہائیکورٹ میں نظر ثانی درخواست پر ون ٹائم کورٹ فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح کسٹم، ایکسائز، لینڈ ریونیو اور سول کورٹ میں 10 ہزار روپے سے کم ویلیو کے کیسز میں درخواست پر کورٹ فیس 10 روپے اور کورٹ ریونیو یا رینٹ درخواست پر کورٹ فیس 500 روپے سے کم کر کے 10 روپے مقرر کی گئی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں