ادیتی راؤ اور سدھارتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے
نئی دہلی: (دنیا نیوز) بالی ووڈ اداکارہ ادیتی راؤ حیدری ساتھی اداکار سدھارتھ سورینارائن کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ سورینارائن نے "واناپارتھی" کے 400 سال پرانے مندر میں شادی کی، شادی کی اس تقریب میں جوڑے کے اہلخانہ اور چند قریبی عزیز شریک ہوئے۔
خوشی کے اس موقع کی تصاویر اداکارہ ادیتی راؤ حیدری نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ شیئر کیں جس پر شوبز ستاروں اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
مذکورہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے ادیتی راؤ نے اپنی شادی پر ہلکے میک اپ کے ساتھ ہلکے سنہرے رنگ کی ساڑھی زیب تن کی جبکہ ان کے دلہا سدھارتھ نے آف وائٹ رنگ کے لباس کا انتخاب کیا۔
سدھارتھ اور ادیتی نے اپنی مشترکہ پوسٹ میں ایک دوسرے سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ تم میرا سورج، میرا چاند اور میرے تمام ستارے ہو۔
یاد رہے کہ ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ نے رواں سال منگنی کی تھی، شروعات میں جوڑے نے منگنی کو خفیہ رکھا تھا لیکن بعد میں اداکارہ نے سوشل میڈیا پر سدھارتھ کے ہمراہ تصویر شیئر کرکے منگنی کا اعلان کردیا تھا۔