عید میلاد النبیؐ: لاہور میں سکیورٹی کے سخت انتظامات، پولیس ہائی الرٹ

(لاہور نیوز) جشن عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر لاہور پولیس نے سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج 110 محافل، 170 ریلیوں اور 54 جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 8 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں، 12 ربیع الاوّل کا مرکزی جلوس بیرون دہلی گیٹ سے شروع ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار اختتام پذیر ہو گا۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر 15 ناکہ جات، 259 موبائل سکواڈ کے جوان اور 1800 سے زائد ڈولفن اور پیرو سکواڈ کے جوان ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

اس حوالے سے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاوّل کے جلوسوں، ریلیوں کے روٹس اور محافل سمیت تمام تقریبات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی ہے، واک تھرو گیٹس نصب، میٹل ڈیٹیکٹرز سے شرکاء کی چیکنگ کی جائے گی، سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے جلوسوں اور ریلیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی ۔

انہوں نے فورس کو ہدایت کی کہ ڈویژنل افسران سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں، مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے فیلڈ افسران علمائے کرام اور امن کمیٹیوں سے رابطے میں رہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

بلال صدیق کمیانہ نے فیلڈ فورس کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں اور ریلیوں کے دوران شاہراہوں پر متبادل روٹس سے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے، شہر کے داخلی وخارجی ناکوں پر سخت چیکنگ عمل میں لائی جائے، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں