بائیڈن اور کملا کے بیانات سے متاثر ہوکر مشتبہ شخص حملہ کرنے آیا: ٹرمپ

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور صدر جوبائیڈن اور کملا ہیرس کی جانب سے ان کے خلاف بیان بازی سے متاثر ہو کر ریا روتھ ویسٹ پام بیچ آیا تھا تا کہ قاتلانہ حملہ کر سکے۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ڈیموکریٹس کی بیان بازی ہی ان پر گولیاں چلوا رہی ہے، وہ ملک کو بچانا چاہتے ہیں اور یہ بائیڈن اور کملا ہیں جو ملک کو اندرونی اور بیرونی طور پر تباہ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بندوق بردار شخص 12 گھنٹے تک سکستھ ہول کے قریب درختوں میں چھپا رہا اور پھر اپنی کلاشنکوف کا رخ گالف کورس کی جانب کردیا جہاں سابق صدر ٹرمپ اور ان کے مہمان کھیل میں مصروف تھے۔

صدر ٹرمپ سے آگے چلنے والے سیکرٹ سروس ایجنٹ نے روتھ کی بندوق کی نال دیکھتے ہی ملزم پر فائرنگ کر دی جس پر روتھ بغیر فائرنگ کیے ہی فرار ہوگیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں