ایران کا اپنے میزائل پروگرام سے کسی بھی صورت میں دستبردار ہونے سے انکار

تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے اپنے میزائل پروگرام سے کسی بھی صورت میں دستبردار ہونے سے انکار کر دیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ تہران اپنے میزائل پروگرام سے کبھی دستبردار نہ ہوگا کیونکہ ایک ایسے خطے میں جہاں ایران کا سخت ترین دشمن اسرائیل روزانہ غزہ پر میزائل گرانے کے قابل ہے، اسے اپنی سلامتی کے لئے ایسے انسدادی اقدامات کی ضرورت ہے۔

ایران کے صدر نے نے اسرائیل حماس تنازع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے پاس میزائل نہ ہوں تو وہ غزہ کی طرح جب چاہیں گے، ہم پر بمباری کریں گے، انہوں نے تہران کے سرکاری موقف کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران سے یہی مطالبات کرنے سے پہلے اسرائیل کو غیر مسلح کیا جائے۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ کئی سالوں سے اپنے میزائل پروگرام کو محدود کرنے کے مغربی مطالبات کو مسترد کرتا آیا ہے، امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے حال ہی میں ایران پر یوکرین کی جنگ کے لئے روس کو بیلسٹک میزائل منتقل کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور ماسکو اور تہران پر تازہ پابندیاں عائد کر دی ہیں، دونوں ممالک نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں