گورنر پنجاب سے پرتگال کے سرمایہ کاروں کی ملاقات، انرجی منصوبوں پر تبادلہ خیال
لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں پرتگال سے آئے سرمایہ کاروں کے وفد نے اوورسیز پاکستانی ڈاکٹر محمد سہیل کی قیادت میں ملاقات کی۔
ملاقات میں صحت اور قابل تجدید انرجی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری پرتبادلہ خیال کیا گیا، گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لحاظ سے ایک محفوظ ملک ہے، حکومت سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری میں خصوصی سہولیات دے رہی ہے۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ملک کی معیشت میں ترقی کا دارومدار صنعت و حرفت میں ترقی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری پر ہے، پاکستان سرمایہ کاری بڑھانے اور سرمایہ کاروں کو دوستانہ پالیسیوں کے حوالے سے پر عزم ہے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ صحت ، زراعت اور انرجی سمیت دیگر شعبوں میں دوست ممالک کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔