ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: بھارت جنوبی کوریا کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا
بیجنگ: (ویب ڈیسک) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2024 کے سیمی فائنل میں بھارت نے جنوبی کوریا کو 1-4 سے شکست دے دی۔
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کی ٹیم مقررہ وقت میں بھارت کے 4 گولز کے جواب میں صرف ایک ہی گول کرسکی۔
بھارت کی جانب سے جرمن پریت سنگھ اور اتم سنگھ نے ایک ایک جبکہ کپتان ہرمن پریت سنگھ نے دو گول کئے۔ جنوبی کوریا کی طرف سے واحد گول جیہون یانگ نے کیا۔
اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں چین نے پاکستان کو شوٹ آؤٹ کے ذریعے 0-2 سے شکست دی تھی۔
ایونٹ کا فائنل منگل 17 ستمبر کو بھارت اور چین کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستان اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں تیسری پوزیشن کیلئے منگل کو ہی مدمقابل آئیں گی۔