واٹس ایپ نے صارفین کی سکیورٹی کیلئے نیا فیچر پیش کر دیا

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ انتظامیہ اپنے صارفین کی سکیورٹی معاملات کو بہتر بنانے اور سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کرتی رہتی ہے۔

اس حوالے سے واٹس ایپ ایک نیا زبردست فیچر متعارف کرانے جا رہا ہے جس کی مدد سے صارفین سائبر کرائم اور فراڈ سے خود کو محفوظ رکھ سکیں گے۔

آن لائن فراڈ کرنے والوں کی جانب سے اکثر نقصان دہ لنکس پر مشتمل پیغامات بھیجے جاتے ہیں جن پر کلک کرنے سے لوگوں کے اکاؤنٹس ہیک ہوسکتے ہیں، جس کے نتیجے میں ڈیوائس میں نقصان دہ سوفٹ ویئر انسٹال اور آپ کا ذاتی ڈیٹا چوری ہوسکتا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ کے نئے اپ ڈیٹ (بیٹا ورژن) میں واٹس ایپ نے ایسا سیفٹی سکرین نامی نیا فیچر متعارف کرایا ہے جو آپ کو ان نقصان دہ لنکس سے محفوظ رکھے گا، آپ جب بھی کسی نامعلوم فرد کی جانب سے پیغام موصول کریں گے، آپ کی ڈیوائس پر ایک سیفٹی سکرین نمودار ہوگی جس کے ذریعے آپ مذکورہ اکاؤنٹ کو بلاک یا رپورٹ کرسکیں گے۔

سیفٹی سکرین کے اس فیچر کے ذریعے صارفین لنکس کو سرچ کر سکیں گے، اس کے علاوہ اس فیچر کی مدد سے آپ پیغام بھیجنے والے کا نام، ملک کا کوڈ اور دیگر تفصیلات بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں