قانون سازی میں مشترکات نہ ہوئیں تو پی ٹی آئی سے الگ ہو جائیں گے: عبدالغفور حیدری
قلات :(دنیا نیوز) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی میں مشترکات نہیں ہوئیں تو پی ٹی آئی اور ہمارا راستہ الگ ہوجائے گا۔
قلات میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا غفور حیدری کا کہنا تھا کہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی دونوں کی پارلیمنٹ میں مشترکات کی صورت میں ہی ہمارا مؤقف ایک رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی دن سے فروری 2024 میں ہونے والے عام انتخابات کو تسلیم نہیں کیا کیوں کہ وہ ایک ڈھونگ تھا جسے ہم مسترد کرچکے ہیں۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ جب تک شفاف انتخابات، آئین پر عمل درآمد اور قانون کی پاسدداری نہیں ہوگی اس وقت تک ملک میں سیاسی و معاشی استحکام نہیں آسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں امن وامان کی صورتحال گھمبیر ہوچکی ہے اور جن قوتوں نے حکومت کو ملک و قوم پر مسلط کیا وہ بھی پریشان ہیں کہ ان سے ملک نہیں چل رہا۔
دوران گفتگو انہوں نے کہا کہ جے یو آئی رہنماؤں کا یکساں مطالبہ ہے کہ ملک میں شفاف انتخابات از سرنو کروائے جائیں۔
عبدالغفور حیدری ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ بلوچستان کے حالات بہتری کی بجائے ابتری کی طرف جارہے ہیں، سردار اختر جان مینگل کا پارلیمنٹ سے استعفیٰ دینا ذاتی اور ان کی پارٹی کا مسئلہ ہے۔