خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں: فیصل واوڈا
اسلام آباد :(دنیا نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں۔
دنیا نیوزکے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کل پریس کانفرنس میں کہا تھا علی امین گنڈا پورڈی چوک نہیں آئیں گے، کیا اسلام آباد آکرملک فتح کرلیں گے؟، پی ٹی آئی کولاشیں چاہئیں اب انہیں لاشیں نہیں ملیں گی، خیبرپختونخوا کےسرکاری وسائل علی امین گنڈا پوراستعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اس سےنکمی حکومت پہلے نہیں دیکھی، کنٹینرز لگانے سے عام آدمی کو تکلیف ہوتی ہے، پی ٹی آئی طوفان نہیں پانی کا بلبلا ہے ان کےغبارے میں حکومت ہوا بھرتی ہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پاکستان کےساتھ مخلص نہیں ہے، احتجاج میں عمرایوب سمیت باقی لیڈر کدھر ہیں؟ خود باہرنہ نکلنے والے دوسروں کو باہرنکلنےکا کہہ رہے ہیں۔
انہوں نے عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو گرفتار کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ بکاؤسیاست دانوں پر لوگوں کا تکیہ نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی کا جیل سےنکلنا ناممکن ہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی کی وجہ سے معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں، اکیس اکتوبر کو بہت سارے ملک کےمسائل سیدھےہوچکے ہوں گے، پٹرول کی قیمتیں کم ہونے سے مہنگائی بھی کم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی احتجاج میں اپنےبچوں کوبلائیں، پی ٹی آئی سےزیادہ اگر قمیض اتار کر کوئی کھڑا ہوجائےتو زیادہ لوگ اکٹھے ہو جائیں گے، نااہل حکومت کو جلسے کی جگہ دینی چاہیےتھی، حکومت اگرجلسےکی اجازت دیتی تواتنی ہائپ نہ ہوتی پی ٹی آئی کی مارکیٹنگ فورس حکومت ہے۔
فیصل واوڈا کا پیش گوئی کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں ہے، گورنر راج لگا کر پی ٹی آئی کو سیاسی شہید نہیں بنانا چاہیے، آئینی عدالت بننی چاہیے، فیض حمید کا کورٹ مارشل ہورہا ہے اور ان کو سزا بھی ہوگی۔
آخر میں انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی پیزکےمعاملے پر بھی فوج نے مذاکرات کیے ہیں، فوج سرحدوں پر حفاظت اور بجلی کا بل بھی کم کروا رہی ہے، فوج کو معاشی حالات کی بہتری کا کریڈٹ دینا چاہیے، آپ فوج کوکریڈٹ دیتےہوئےکیوں شرماتےہیں؟