گورنر راج کی ابھی بات نہیں ہوئی، کل کا پتہ نہیں: فیصل کریم کنڈی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صوبے میں گورنر راج سے متعلق فی الحال کچھ نہیں سوچا، آئین میں گورنر راج کی گنجائش موجود ہے، ابھی گورنر راج کی بات نہیں ہوئی ، کل کا پتہ نہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا پی ٹی آئی تو چاہتی ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگے اور وہ سیاسی شہید بنیں، میری پوری کوشش ہو گی سیاسی یتیموں کو سیاسی شہید نہ بنایا جائے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ جو لوگ ملک دشمنی پر اتر آئیں ان کیلئے کیا رول پلے کیا جا سکتا ہے، یہی لوگ تھے جنہوں نے چین کے صدر کے دورے کے دوران دھرنا دیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملائیشیا کا وزیراعظم آیا تو انہوں نے احتجاج شروع کر دیا، آئی ایم ایف کو خط کس نے لکھے تھے؟ انہوں نے بھی آنسو گیس شیل خرید رکھے ہیں، جو کرتوت بانی پی ٹی آئی نے کیے وہ بھگتیں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا جلسے جلوس سے بانی پی ٹی آئی باہر نہیں آئیں گے، بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ انہیں این آر او دیا جائے، یہ ڈی چوک آ بھی جائیں تو یہاں آ کر کیا کریں گے، یہ آ کر سرکاری املاک کو جلائیں گے تو کیا انہیں ہار پہنائیں گے؟۔
انہوں نے کہا کہ یہ ماضی میں بھی کندھوں پر سوار ہو کر آئے تھے، ان کی پھر خواہش ہے کہ انہیں بیساکھیوں سے لایا جائے، جب سےعلی امین گنڈا پور کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوا وہ متعلقہ مقام پر نہیں پہنچیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور ڈی چوک نہیں پہنچیں گے، خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم سے ملاقات کی ہے، جس میں فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو صوبے کی سکیورٹی اور امن وامان کی صورتحال پر بریف کیا۔
ملاقات کے دوران فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف کو یقین دہانی کرائی کہ مرکز جو بھی ذمہ داری دے نبھانے کے لیے تیار ہوں۔