منی پور : خون ریز نسلی فسادات اور پولیس کیساتھ مظاہرین کی جھڑپوں کے بعد حالات کشیدہ

نئی دہلی : (دنیانیوز) منی پور میں حالات کشیدہ ہوگئے، مودی سرکار کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے منی پور میں خونریزی کے نتیجے میں حالات دن بدن خانہ جنگی کی جانب جا رہے ہیں۔

پولیس سٹیشنوں پر حملے سے خانہ جنگی کی صورتحال منی پور میں حالات اس قدر تشویش ناک ہو چکے ہیں کہ اب جتھوں نے سرکاری املاک اور پولیس سٹیشنوں پر حملے شروع کردیئے ہیں۔

گزشتہ کئی روز سے منی پور کے قبائل کے مابین جھڑپوں کے دوران ہزاروں لوگ اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، دو علیحدگی پسند گروپوں کے مابین تصادم کے دوران اسلحہ لوٹ لیا گیا اور پولیس پر تشدد بھی کیا گیا ، ان جھڑپوں کے دوران تین افراد ہلاک اور 20 سے زائدزخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منی پور میں خون ریز نسلی فسادات اور پولیس کے ساتھ مظاہرین کی جھڑپوں کے بعد کشیدہ حالات کے پیش نظر انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئی ، پولیس سٹیشن پر حملے اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کے بعد پورے علاقے کو سیل کردیا گیا جس سے اہل علاقہ گھروں میں محصور ہو گئے۔

کشیدہ حالات کے باعث علاقے کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی اور مزید فوجی دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں ، منی پور میں جاری نسلی فسادات میں کمی نہ آنے کی وجہ سے مودی سرکار ان فسادات سے سیاسی فوائد اٹھا رہی ہے، ان حالات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مرکزی حکومت ان فسادات کو ختم کرنے اور عوام کی زندگیوں کو سکون دینے میں سنجیدہ نہیں ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں