لبنان پراسرائیلی بمباری عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے: اقوام متحدہ
بیروت : (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے لبنان پر حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے،ان حملوں اور بمباری سے آبادیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔
عرب میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے شعبے کے سربراہ فلیپو گرینڈی نے بیروت میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملے اور بمباری سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے،یہ صریحاً عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے،اس کے نتیجے میں شہری شہید اور علاقے کا انفراسٹرکچر ( بنیادی ڈھانچہ) تباہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام فریق غزہ اور لبنان میں اس خونریزی اور تباہی کو روکیں، اندازے کے مطابق لبنان میں اسرائیلی بمباری سے اب تک12 لاکھ شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں ۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے بمباری کے تسلسل کے ساتھ ساتھ اب زمینی فوجی کارروائیاں بھی شروع کر رکھی ہیں، چند ہفتے پہلے تک اسرائیل نے غزہ میں اپنی جنگ کے ساتھ ساتھ حزب اللہ کے خلاف اپنی جنگ کو بالعموم سرحدوں تک محدود رکھا ہوا تھا لیکن اب اسے ایک کھلی جنگ میں بدل چکا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اب تک لبنان میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 2 ہزار سے زائدافراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ کم ازکم 10 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، دوسری جانب اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کے 50 فوجی مارے گئے ہیں۔