اتحادی حکومت ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی محبت کا نہیں مجبوری کا الائنس ہے: گورنر پنجاب

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اتحادی حکومت ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی محبت کا نہیں مجبوری کا الائنس ہے کیونکہ اس وقت ملک کسی تجربے کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔

گورنر پنجاب نے رحمان پورہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے صوبے کی بہتری کرنی ہے، اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے مطابق سیدھا میرٹ پر چلنا ہے اور کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی کرنی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف آلائنس کو چلانا ہے جبکہ یہ بھی جانتے ہیں کہ اس سے پیپلزپارٹی کو سیاسی نقصان ہورہا ہے، احتجاج ضرور ریکارڈ کروائیں لیکن ملک کی عزت و وقار کے لیے اکھٹے ہوجائیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ چین کے صدر کو ایسے وقت میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے جب کوئی یہاں آنے کو تیار نہیں تھا، اب بیرونی سازشیں، دہشت گردی اور لا اینڈ آرڈر کی صورت حال شروع کردی گئی ہے۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ چیزیں بہتری کی طرف آنا شروع ہوگئی ہیں، مہنگائی اور پیٹرول کی قیمت کم ہورہی ہے، کامیاب شنگھائی کانفرنس سے بیرونی سرمایہ کاری آئے گی، خدا کے لیے اپنی سیاست کو کچھ وقت کے لیے چھوڑ دیں اور غریب کو ریلیف دینے کے لیے سر جوڑ کر بیٹھیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت ہٹ دھرمی چھوڑ دے تو ملک اور اُن کے لیے بھی یہی بہتر ہوگا، اگر انہوں نے منفی سیاست نہ چھوڑی تو پھر پی ٹی آئی تباہ ہو جائے گی، عقل کو استعمال کریں ملک کے لیے ان کے لیے بھی بہتر ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں