خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن ارکان گتھم گتھا
پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن ارکان گتھم گتھا ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق سپیکر کی جانب سے وقت نہ دینے پر اپوزیشن ارکان شدید اشتعال میں آگئے، ارکان اسمبلی نے لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا۔
پی ٹی آئی کے رکن نیک وزیر اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے رکن اقبال وزیر میں جھگڑا ہوا، دونوں ارکان کے الجھنے پر ان کے حامی بھی لڑائی میں کود پڑے، اسمبلی میں الجھنے والے دونوں ارکان کا تعلق وزیرستان سے ہے۔
ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی کی وجہ سے سپیکر نے اجلاس میں 15 منٹ کا وقفہ کیا، بعد ازاں اجلاس 14 اکتوبر پیر کے روز سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
بعدازاں سپیکر اسمبلی نے دونوں ایم پی ایز اقبال وزیر اور نیک محمد اپنے چیمبر میں بلا کر دونوں فریقین میں تلخی کو کم کر کے صلح صفائی کرائی، اس موقع پر اپوزیشن اور حکومت کے دیگر اراکان بھی موجود تھے۔