امریکہ کی کراچی ایئرپورٹ کے قریب دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر نے کہا کہ کراچی ایئر پورٹ کے قریب دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حملے میں جانوں کے ضیاع اور شہریوں کے زخمی ہونے پر دکھ ہوا، دہشت گردی سے متاثر ہونے والوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

میتھیوملر نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں پر امن اجتماع، اظہار رائے کی آزادی کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان میں مظاہرین سے مطالبہ کرتے ہیں پرامن رہیں اور تشدد سے گریز کریں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت سے انسانی حقوق، بنیادی آزادی کا احترام کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، پاکستان کے آئین اور قانون کے احترام کو یقینی بنانا اہم ہے، حکومت پاکستان امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کرے۔

میتھیوملر سے بھارت میں مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں پر سوال کیا گیا کہ کیا امریکی کمیشن نے محکمہ خارجہ سے بھارت پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے؟ کیا امریکی کمیشن نے بھارت کو تشویشناک ممالک میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا؟ کیا محکمہ خارجہ امریکی کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کرے گا؟

میتھیوملر نے جواب میں کہا کہ ہم نے بھارت کے حوالے سے رپورٹ دیکھی ہے، امریکی کمیشن ایگزیکٹو برانچ کے ساتھ کانگریس کو پالیسی سفارشات فراہم کرتا ہے، جائزہ لینے کے بعد وزیر خارجہ نے بھارت کو خاص تشویشناک ممالک میں شامل نہیں کیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہم بھارت سمیت ہر ملک میں مذہبی آزادی کی صورتحال کی بغور نگرانی کرتے رہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں