ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: کینگروز نے کیویز کو دبوچ لیا

شارجہ: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 60 رنز سے شکست دے دی۔

فاتح ٹیم نے 8 وکٹ پر 148 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کی ٹیم صرف 88 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے پہلی وکٹ پر 41 رنز کی شراکت لگائی گئی، پھر ایلس پیری نے 30 اور فوئبی نے 18 رنز بڑھائے، اس کے بعد کوئی بیٹر ڈبل فگر میں نہ جا سکی لیکن آسٹریلیا کا سکور 8 وکٹ پر 148 رنز رہا۔

آسٹریلوی ٹاپ آرڈر بیٹرز میں کپتان ایلیسا ہیلی نے 26 اور بیتھ مونی نے 40 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کی ایمیلیا کیر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

149 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 7 رنز پر گرگئی لیکن سوزی بیٹس اور ایمیلیا کیر نے ٹیم کو سنبھالا اور سکور 54 تک پہنچایا۔

بعدازاں دونوں کے درمیان یہ شراکت ٹوٹی اور وکٹوں کی لائن لگ گئی، سوزی 20 اور ایمیلیا 29 رنز بنا کر نمایاں رہیں، بعد میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 88 رنز پر آوٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے میگن سکوٹ اور انابیل سودرلینڈ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

60 رنز کی فتح حاصل کرنے والی آسٹریلوی ٹیم گروپ اے میں ٹاپ پوزیشن پر ہے جبکہ پاکستان کا دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں