کین ولیمسن دورہ بھارت سے قبل گروئن انجری کا شکار
کرائسٹ چرچ: (ویب ڈیسک) دورہ بھارت سے قبل کین ولیمسن گروئن انجری کا شکار ہوگئے جس کے بعد مارک چیپمین کو کیوی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کین ولیمسن گروئن کی تکلیف کا شکار سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ہوئے، اب وہ ری ہیب مکمل کرنے کے بعد بھارت میں سکواڈ کو جوائن کریں گے۔
کین ولیمسن 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری حصے میں ہی کھیل سکیں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سیریز کے آغاز میں کین ولیمسن کا دستیاب نہ ہونا مایوس کن ہے، علاوہ ازیں سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ کو کوچنگ سٹاف میں برقرار رکھا ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 16 اکتوبر سے بنگلورو میں شروع ہوگا۔