ایس سی اوسمٹ : دفتر خارجہ کی غیرملکی سفارت کاروں کو نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت
اسلام آباد: (دنیانیوز) دفتر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے دوران غیر ملکی سفارت کاروں کو نقل و حرکت محدود رکھنے کیلئے خط لکھ دیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے غیر ملکی سفارتکاروں کو لکھے گئےخط میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہو رہا ہے، حکومت پاکستان نے اجلاس کے معززین اور مندوبین کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات اٹھائے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے دوران تمام سفارت کار اپنی نقل و حرکت کا محدود رکھنے پر غور کریں، غیر ملکی سفارت کار اپنی سرگرمیوں کو ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو تک محدود رکھیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ غیر ملکی سفارتی مشنز ٹریفک پولیس کے جاری ٹریفک پلان کو فالو کرے، وزارت خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کو کامیاب بنانے میں سفارتی مشنز کے تعاون کی خواہاں ہے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں بھارت سمیت کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔