لبنانی وزیراعظم کا اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ
بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان کے وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کر دیا۔
لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل اور ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ کے درمیان فوری جنگ بندی کے لئے ایک قرارداد منظور کرے۔
نجیب میقاتی نے ایک ٹیلی ویژن خطاب میں اسرائیل کے ساتھ سرحد پر فوج کی تعیناتی کے لئے اپنی حکومت کے عزم پر زور دیا اور کہا حزب اللہ اس معاملے پر متفق ہے، یہ تعیناتی دشمن کے خاتمے کا ایک حصہ ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ لبنان کی وزارتِ خارجہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے ایک قرارداد جاری کرنے کو کہے گی جس میں مکمل اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا جائے۔
لبنانی وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت قرارداد 1701 کے مکمل اطلاق کے لئے پرعزم ہے جو 2006ء میں منظور کی گئی تھی، انہوں نے تقاضا کیا ہے کہ لبنانی فوج اور اقوام متحدہ کی امن فوج ملک کے جنوب میں تعینات واحد مسلح افواج ہوں۔
واضح رہے کہ ایرانی حمایت یافتہ مزاحمت کار گروپ نے کہا تھا کہ وہ صرف اس صورت میں جنگ بندی قبول کرے گا جب غزہ میں اس کی فلسطینی اتحادی حماس کے ساتھ بھی جنگ بندی معاہدہ طے ہو جائے گا۔
لبنان کے سرکاری میڈیا اور وزارتِ خارجہ کے مطابق میقاتی نے لبنان میں اقوامِ متحدہ کی عبوری امن فوج پر حملوں کی بھی ایک "جرم" کے طور پر مذمت کی جن میں اسرائیلی افواج نے لگاتار دو دن امن دستوں کو نشانہ بنایا۔