پنجاب حکومت کا گاڑی مالکان کیلئے من پسند نمبر پلیٹ کے اجراء کا فیصلہ
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے گاڑیوں کے لئے من پسند نمبر پلیٹ کے اجراء کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی منظوری کے بعد سکیم کا باقاعدہ اجراء ہو گا، من پسند نمبروں کا اجراء کمپیوٹرائزڈ نیلامی کے ذریعے ہو گا، من پسند نمبروں کی تین کیٹیگریز رکھی گئی ہیں۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کے مطابق کارپوریٹ کیٹیگری کے تحت نمبر پلیٹ پر کمپنی کا نام لکھوایا جا سکے گا، پلاٹینم کیٹیگری کے تحت اپنا یا کسی عزیز کا نام لکھوانے کی سہولت ہو گی، گولڈ کیٹیگری کے تحت تین من پسند حروف اور تین ہند سے لکھوائے جا سکیں گے۔
ڈی جی ایکسائز فیصل فرید کا کہنا ہے نمبر پلیٹ کیلئے مذہبی، سیاسی یا سماجی منافرت پر مبنی لفظ یا ہندسہ الاٹ نہیں ہو گا، مزید معلومات محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ یا ہیلپ لائن 1035 سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔