پی ٹی آئی پاکستان کی ترقی کیخلاف دھرنے دیتی ہے: شافع حسین
گجرات: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت اور رہنما مسلم لیگ ق چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملکی ترقی کیخلاف دھرنے دیتی ہے۔
گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ترقی کی راہ پر گامزن ہوتے ہی دھرنے اور احتجاج شروع ہو جاتے ہیں، چینی صدر کی آمد پر بھی اسی طرح احتجاج کیا گیا جو ملک کے لئے نقصان دہ ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حقیقت میں پاکستان کی ترقی کے خلاف دھرنے دیتی ہے، پاکستان ترقی کرتا رہے تو ایک سال میں آئی ایم ایف سے جان چھوٹ سکتی ہے۔
مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ جوڈیشل ریفارمز وقت کی ضرورت ہیں جس سے سائلین کیلئے آسانی ہو گی، آئینی ترمیم سے مزید نئے ججز کی بھرتی بھی ممکن ہو گی، آئینی ترمیم کے معاملے پر مسلم لیگ ق پاکستان کی بہتری کیلئے آئین پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ این اے 62 سے ایم این اے الیاس چودھری کے خلاف ریفرنس واپس لینے یا برقرار رکھنے کا فیصلہ وکلاء سے مشاورت کے بعد کریں گے۔