ایران کی دوران پرواز پیجرز اور واکی ٹاکی کے استعمال پر پابندی
تہران: (دنیا نیوز) ایران نے اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حملوں کے بعد اپنے مسافروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے دوران پرواز پیجرز اور واکی ٹاکی کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ لبنان میں پیچرز اور واکی ٹاکی حملوں کے بعد یہ پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ اور خود ایران نے بھی ان حملوں کا الزام اسرائیل پر لگایا تھا۔
ایران کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے سول ایوی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمرشل طیاروں کے دوران موبائل فون کے علاوہ کوئی بھی مواصلاتی ڈیوائس جہازوں میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ کیبن یا کارگو جہازوں میں بھی ان ڈیوائسز کے استعمال پر پابندی ہوگی۔
یاد رہے کہ ایران کی جانب سے یہ فیصلہ لبنان میں ایران کے اتحادی تنظیم حزب اللہ گروپ کے ارکان کو نشانہ بنانے والے حملوں کے تین ہفتوں بعد سامنے آیا ہے۔