ڈاکٹرز نے کامیاب آپریشن کے بعد لڑکی کے معدے سے بالوں کا گچھا نکال لیا
بریلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کر کے لڑکی کے معدے سے بالوں کا گچھا نکال لیا۔
حال ہی میں بھارت کے شہر بریلی میں ایک عجیب و غریب نامی بیماری سامنے آئی ہے جس میں ڈاکٹروں نے 21 سالہ لڑکی کے پیٹ سے 2 کلو بال نکال لئے، مریضہ 16 سال سے بال کھا رہی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاتون کارگینا کی رہائشی ہے اور اسے ’’ٹرائیکوفیجیا‘‘ نامی بیماری کی تشخیص ہوئی، جسے ’’رپنزل سنڈروم‘‘ بھی کہا جاتا ہے، یہ ایک نایاب نفسیاتی حالت ہے جس میں افراد اپنے بال کھانے کی عادت میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔
اس خاتون میں یہ تشخیص 20 ستمبر کو کی گئی جب سی ٹی سکین میں خاتون کے معدے اور آنتوں میں بالوں کے بڑے ذخیرے کا انکشاف ہوا۔
کامیاب آپریشن کے بعد اس حوالے سے سرجن ڈاکٹر ایم پی سنگھ نے بتایا کہ بالوں کی مقدار نے خاتون کے معدے کی پوری جگہ کو بھر دیا تھا اور کچھ حصہ آنتوں میں بھی چلا گیا تھا۔
بعد ازاں متاثرہ خاتون نے اعتراف کیا کہ وہ پانچ سال کی عمر سے اپنے بال کھا رہی تھی اور موقع ملتے ہی چپکے سے بال نوچ لیتی تھی جس کی وجہ سے اسے ٹھوس غذا کے استعمال کے بعد قے آتی تھی۔
خیال رہے کہ بالوں کا یہ گولا متاثرہ خاتون کے معدے سے 26 ستمبر کو سرجری کے ذریعے نکالا گیا، ہسپتال کی انچارج ڈاکٹر الکا شرما نے اس طرح کے کیسز کی نایابی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 20 سالوں میں اس طرح کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔