ماڈل ٹاؤن میں پولیس مقابلہ: انتہائی خطرناک ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
لاہور: (دنیا نیوز) آرگنائزڈ کرائم یونٹ ماڈل ٹاؤن اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، انتہائی خطرناک ڈاکو وکی عرف وشال مسیح اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس ٹیم ملزم کو ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے علاقہ تھانہ کاہنہ لے جارہی تھی، 2موٹرسائیکل سوار 4 ملزموں نے اپنے ساتھی کو چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
پولیس کے مطابق ملزم کے ساتھیوں کی فائرنگ سے وکی عرف وشال مسیح شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جو کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، ہلاک ملزم ڈکیتی، رابری، نقب زنی جیسی 50 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا۔
یاد رہے کہ ہلاک ملزم نے چند ہفتے قبل نشتر کالونی کے علاقہ سے 2کروڑ سے زائد رقم کی واردات کی تھی۔
ملزموں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے، ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔