کوٹ رادھا کشن میں پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، 2 فرار
قصور: (دنیا نیوز) تھانہ کوٹ رادھاکشن کے علاقہ پل نہر میر صاحب کے قریب پولیس مقابلہ ہوا، سنگین وارداتوں میں مطلوب خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق 03 ڈاکوؤں نے کوٹ رادھاکشن کے علاقہ کلارک آباد سے شعیب نامی شہری سے نقدی چھیننے کی واردات کی، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پل نہر میر صاحب پر ناکہ بندی کی۔
موٹر سائیکل سوار 03 ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی، ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوا جس کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ باقی ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، زخمی ڈاکو کے قبضہ سے چھینی گئی رقم، ایک موٹر سائیکل اور پسٹل برآمد کر لی گئی، زخمی ڈاکو کی شناخت اشرف ولد عبدالحق کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق برآمد ہونیوالی موٹر سائیکل زخمی ڈاکو نے گزشتہ روز کوٹ رادھاکشن سے ہی شہری سے چھینی تھی، فرار ہونے والے ملزموں کو بھی ٹریس کر لیا گیا ہے جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔