پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، جلسوں اور احتجاجی شیڈول کی منظوری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے ملک میں بھر میں جلسوں اور احتجاجی شیڈول کی منظوری دے دی۔

اعلامیہ کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اہم ترین اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ خصوصی طور پر شریک ہوئے، پارٹی ارکان نے سلمان اکرم راجہ کو اجلاس میں آمد پر خوش آمدید کہا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے سیاسی کمیٹی کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کا حصہ بننے کی منظوری دی ہے، پارلیمانی پارٹی نے ملک بھر میں جلسوں کی شیڈول سمیت احتجاجی تحریک کی بھی منظوری دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا باضابطہ طور پر ’’جوڈیشل کمیشن آف پاکستان‘‘ کا حصہ بننے کا فیصلہ

پارٹی اعلامیہ کے مطابق ارکان اسمبلی نے شیڈول کے مطابق احتجاجی جلسوں میں شرکت کا بھرپور عزم ظاہر کیا، اجلاس میں قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس، 26 ویں ترمیم اور سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف قائم سیاسی مقدمات کی پیروی کیلئے قانونی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی نا حق قید کے خلاف بھرپور اور مؤثر احتجاج جاری رہے گا۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ پارلیمانی پارٹی نے ارکان اسمبلی بالخصوص پنجاب کے ارکان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، تمام ارکان چٹان کی طرح بانی پی ٹی آئی کے نظریے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن ارکان نے پارٹی سے غداری کی ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، ایسے ارکان کے خلاف تادیبی کاروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائےگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں