افواج پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد منظور

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں افواج پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد منظور کر لی گئی۔

پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران قرارداد صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پیش کی۔

قرارداد کے متن میں لکھا گیا کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان افواج پاکستان کے شہدا و غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے، افواج پاکستان بحری و سرحدی حدود کے علاوہ نظریاتی سرحدوں کی بھی حفاظت کررہی ہیں، میدان جنگ میں فتح اور شکست کے فیصلے اسلحہ چلانے والوں کے حوصلے بلند کرتے ہیں، تاریخ بزدلوں کو نہیں بہادروں کو یاد رکھتی ہے۔

متن کے مطابق قائد اعظم محمد علی جناح نے دفاع میں اسلحہ کی اہمیت نہیں بلکہ پاک افواج کے عزم و حوصلہ اور استقامت کی ضرورت پر زور دیا، پنجاب اسمبلی کا ایوان مسلح افواج کو وطن عزیز کےلئے دی جانے والی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہے، پاک فوج ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے۔

پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں لکھا گیا کہ پاک افواج کے شاہینوں نے ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، ہمارے فوجی جوان جذبہ شہادت سے سرشار اور وطن کے لئے موت کو گلے لگانے کےلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں، یہ ایوان پاک افواج کے مسلح شہیدوں اور غازیوں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کرتا ہے، پاک افواج قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔

متن میں لکھا گیا کہ پاکستان میں مضبوط مسلح افواج بری، بحری اور فضائی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ملک کی نظریاتی سرحدوں کی بھی محافظ ہیں، مسلح افواج اور اس کے ذیلی اداروں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، پاک فوج کی جانب سے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی معاونت کرتے ہوئے امن و امان کے قیام، حوالہ ہنڈی کے کاروبار،سمگلنگ اور دہشت گردی کے تدارک کےلئے بھرپور معاونت کی وہ قابل تحسین ہے۔

قرارداد میں مزید لکھا گیا کہ پاک افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر قوم کے دل جیت لئے ہیں، پاک افواج کی قربانیوں کی بدولت قوم رات کو سکون سے سوتی ہے، یہ ایوان تمام مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں