ٹرمپ کا پیوٹن سے ٹیلیفونک رابطہ، یوکرین جنگ کو توسیع نہ دینے پرزور
واشنگٹن : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکشن جیتنے کے بعد روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلی فون پر بات کی ہے۔
5 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی الیکشن میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے 312 الیکٹورل کالج ووٹ اصل کر کے واضح برتری حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس 226 ووٹ حاصل کر سکیں۔
صدارتی الیکشن جیتنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو وزیراعظم پاکستان سمیت دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے اور یہ سلسلہ اب تک جاری ہے تاہم امریکی اخبار کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکشن جیتنے کے بعد رواں ہفتے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔
امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ نے روسی صدر پیوٹن سے یوکرین جنگ کو مزید وسعت نہ دینے کا کہا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک کال پر ثالثی کا کردار ادا کرنیوالے نے بھی دونوں کے درمیان گفتگو کی تصدیق کی تاہم سرکاری سطح پر امریکی و روسی رہنماؤں کے درمیان فون پر گفتگو کی تاحال تصدیق یا تردید نہیں ہو سکی ہے۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو کے حوالے سے یوکرین کو آگاہ کر دیا گیا تھا اور کیف کی جانب سے اس پر کسی قسم کا اعتراض نہیں کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے یوکرین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں ڈونلڈ ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے حوالے سے ہمیں کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی اور ہمارے لیے یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ ہم اس طرح کی کسی فون کال کی اجازت دیں یا اس کی مخالفت کریں۔