بےنظیر بھٹو شہید کی سیاست پسماندہ طبقات کی نمائندگی سے عبارت تھی: وزیراعلیٰ سندھ

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بےنظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی وزیراعظم تھیں اور ان کی سیاست پسماندہ طبقات کی نمائندگی سے عبارت تھی۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بےنظیر بھٹو ہمیشہ کسانوں، چرواہوں، مزدوروں اور متوسط طبقے کے حقوق کی آواز بنیں، محترمہ بےنظیر بھٹو اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طرح بہادر اور نڈر رہیں۔

ان کی سیاست کا محور جمہوریت کے لیے جدوجہد تھی، اور انہوں نے آخر دم تک دہشت گردی اور آمریت کا مقابلہ کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ محترمہ نے اپنی شہادت کو قبول کیا مگر آمریت کے سامنے کبھی سر تسلیم خم نہیں کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ محترمہ بےنظیر بھٹو کے دونوں ادوار حکومت میں پسماندہ طبقے کی خوشحالی میں اضافہ ہوا اور وہ غریبوں کے لیے امید کی کرن بن کر اُبھریں۔

مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں نے محترمہ کو شہید کرکے غریبوں سے امید چھیننے کی ناکام کوشش کی، اور ان کا مقصد پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ محترمہ بےنظیر بھٹو کے مشن کو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جاری رکھا ہوا ہے اور سندھ حکومت محترمہ کے ’’خوشحال عوام‘‘ کے مشن پر دن رات کام کر رہی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں