لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، سردی میں اضافہ
لاہور: (سامیا سعید) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بوندا باندی سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، ایمپریس روڈ میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ کوپر روڈ، ریلوے سٹیشن اور مغل پورہ کے علاقوں میں بارش ہوئی۔
علاوہ ازیں ڈیفنس، پنجاب سوسائٹی، شنگھائی روڈ، کچا جیل روڈ، کوٹ لکھپت، غازی روڈ، شوکت ٹاؤن، والٹن اور مولانا شوکت علی روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے۔
بارش کے باعث سموگ کی شدت میں کمی آگئی جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، بارش کے باعث شہریوں کو خشک سردی سے نجات ملے گی، خشک سردی کے باعث نزلہ، کھانسی جیسی بیماریوں سے بھی چھٹکارہ ملے گا۔
بارش کے باعث لیسکو کے 280 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ادھر پنجاب کے دیگر شہروں قصور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں بھی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔