جرمنی کے صدر نے پارلیمنٹ تحلیل کردی

برلن: (دنیا نیوز) جرمنی کے صدر نے پارلیمنٹ تحلیل کر دی۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹین میئر نے چانسلر اولاف شولز کے حکومتی کے ٹوٹنے کے بعد قبل از وقت 23 فروری کو شیڈول ایوان زیریں انتخابات کے پیش نظر پارلیمنٹ تحلیل کی۔

رپورٹ کے مطابق برلن میں جرمن صدرفرینک اسٹین میئر نے قبل از وقت ہونے والے انتخابات کے تحت پارلیمنٹ کی تحلیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے خطرناک وقت میں استحکام کے لئے ایک ایسی حکومت ہونی چاہئے جو اپنا کردار ادا کرے اور پارلیمنٹ میں واضح اکثریت ہو۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد سیاست کا محور مسائل کا حل ہونا چاہئے اور انتخابی مہم شفاف غیرجانبدار ہوگی۔

خیال رہے کہ جرمن چانسلر نے اتحادی حکومت بنائی تھی تاہم رواں ماہ کے شروع میں اعتماد کھو بیٹھے تھے اور ان کے وزیرخزانہ کرسٹیان لینڈنر کی فری ڈیموکریٹس نے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جرمنی کے انتخابات کے حوالے سے پولز میں کنزرویٹو پارٹی کو سوشل ڈیموکریٹک (ایس ڈی پی) کو 10 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے، دائیں بازو کی سخت گیر جماعت الٹرنیٹو فار جرمنی (اے ایف ڈی) کو ایس پی ڈی پر معمولی برتری حاصل ہے، حکومتی اتحاد میں شامل گرینز چوتھے نمبر پر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں