کراچی کے ضمنی انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی ، حافظ نعیم الرحمان
کراچی :(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی ضمنی انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں بلدیاتی ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ اسٹیبلشمنٹ کے سہارے نتیجے بدل کر جیت کا اعلان آر اوز کے ذریعے کروا دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی جس سطح پر پاکستان پیپلز پارٹی اتر چکی ہے، اس سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ اس کا چراغ بجھنے والا ہے، عوام ان نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کا شکریہ جنہوں نے ایک مرتبہ پھر جماعت اسلامی پر اعتماد کیا، جماعت اسلامی کے کارکنوں کو سلام جو اس وقت بھی عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ سوال ان قوتوں سے ہے جنہیں جماعت اسلامی کی امانت، حب الوطنی اور وطن کے لیے قربانیاں اچھی نہیں لگتیں، انہیں کچے اور پکے کے ڈاکو، کرپٹ مافیا، کرپشن اور قبضے کا نظام پسند ہے، اس سسٹم کو انہوں نے پورے ملک بالخصوص سندھ کے عوام پر مسلط کیا ہوا ہے۔