اسرائیلی حملے میں لبنانی صحافی سُقینہ منصور کوثرانی دو بچوں سمیت جاں بحق

بیروت: (ویب ڈیسک) اسرائیلی حملے میں لبنانی صحافی سُقینہ منصور کوثرانی جاں بحق ہوگئیں۔

لبنانی صحافی سُقینہ منصور کوثرانی جنوبی لبنان میں صیدا کے قریبی گاؤں جون میں تین منزلہ رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں اپنے دو بچوں اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ جاں بحق ہوئیں۔

لبنانی پریس ایڈیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر جوزف قوسیفی نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک جرم قرار دیا اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں، بین الاقوامی فوجداری عدالت، جنرل فیڈریشن آف عرب جرنلسٹس اور یونیسکو سے اس کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل کی۔

سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کے ایک بیان میں انہوں نے کہا اسرائیلی دشمن اپنی بمباری میں عام شہریوں اور مزاحمت کاروں میں کوئی فرق نہیں کرتا، ہر قانون اور منشور کی خلاف ورزی کرتا اور صرف آگ اور خون کی زبان بولتا ہے۔

مبینہ طور پر عمارت اس حملے میں مکمل طور پر تباہ ہو گئی جس میں وزارت صحت کے مطابق آٹھ خواتین اور چار بچوں سمیت 15 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے، برازیلی نژاد فرانسیسی لبنانی تاجر اور گاڑیاں بنانے والے ایک ادارے کے سابق سربراہ کارلوس غصن کے رشتہ دار اس عمارت میں رہائش پذیر تھے۔

لبنانی پریس ایڈیٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق خاتون صحافی کوثرانی کے جاں بحق ہونے سے اسرائیل حماس تنازع کے آغاز سے اب تک ہلاک شدہ لبنانی صحافیوں اور میڈیا کارکنان کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں