ہمیں قائداعظم کے قول کام، کام اور کام پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفر آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا کہ ہمیں قائداعظم کے قول کام، کام اور کام پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، تمام سرکاری دفاتر میں بائیو میٹرک کی تنصیب کیلئے سخت احکامات جاری کئے ہیں۔

چودھری انوارالحق نے کہا کہ سرکاری اوقات کار کی پابندی کرنا ہوگی، مرضی سے آنے جانے کی روش کو ختم کرنا ہوگا، وزیراعظم ہاؤس میں سیل قائم ہے جو تمام ملازمین کی حاضریاں چیک کرتا ہے، جو ملازمین غیر حاضر ہوتے ہیں ان کے خلاف قانون کی مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کام سے دوری نے ہمیں اپاہج بنا دیا ہے، کسی شعبے میں بھی چلے جاؤ نظام بگڑا ہوا ہے جس کی اوور آل سرجری کی ضرورت ہے، میں خود 18، 18 گھنٹے کام کرتا ہوں تب جا کر عوام کو ریلیف دینے کے قابل ہوا ہوں۔

چوہدری انوار الحق نے کہا کہ یہ تین روپے یونٹ بجلی اور 2 ہزار روپے من آٹا ویسے ہی نہیں مل گیا، پوری کوشش کرنا پڑی ہے، انوارالحق پاکستان کے اعلیٰ ایوانوں میں آواز بلند کی تو یہ معاملات حل ہوئے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ میرا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے، بس ایک ہی دھن ہے اور وہ ہے اپنے عوام کی خدمت، سرکاری ہسپتالوں کو بہتر بنا رہے ہیں، اس مقصد کیلئے تاریخ ساز ہیلتھ پیکیج ضرورت کے مطابق لائے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں