محسن نقوی کا کراچی میں پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹر کا دورہ، شہریوں سے مسائل دریافت کئے
کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس عوامی مرکز اور نادرا سینٹر ڈیفنس کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں سے مسائل دریافت کئے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوامی مرکز میں پورا ہفتہ 24 گھنٹے کھلنے والے پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹر ڈیفنس کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات میں نمایاں بہتری کے عوامی تاثرات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اب گھنٹوں انتظار نہیں کرنا پڑتا، ان کا کام اب چند منٹوں میں ہو رہا ہے، وزیر داخلہ نے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حصول کے لئے آئے شہریوں سے ملاقات کی اور پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنانے کے عمل کے بارے میں استفسارکیا۔
شہریوں نے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنانے کے نظام کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا، شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پاسپورٹ کی تجدید کرانے آئے ہیں جس میں چند منٹ لگے ہیں، شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ پاسپورٹ حاصل کرنے میں کوئی دقت نہیں ہوئی اور نہ ہی انتظار کرنا پڑا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا مسئلہ حل کیا جا رہا ہے اور شہری اب مقررہ وقت میں پاسپورٹ حاصل کر سکیں گے، انہوں نے موقع پر ہی چند شہریوں کے شناختی کارڈ کے مسائل حل کرنے کے احکامات دیئے۔
انہوں نے پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹر کے عملے سے بھی ملاقات کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا، انہوں نے نادرا سینٹر ڈیفنس میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔