فتنہ الخوارج اور معاونت کرنے والوں کا خاتمہ کریں گے: آرمی چیف

راولپنڈی :(دنیا نیوز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور معاونت کرنے والوں کا خاتمہ کریں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورت حال اور انسداد دہشتگردی کی جاری کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں کی ثابت قدمی کو سراہا اور قربانیوں کی تعریف کی۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا کہ شہدا پاکستان کا فخر ہیں، ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، پاک فوج قوم کی پرعزم حمایت کے ساتھ ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بناتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرےگی، ریاست کے خلاف مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث دہشتگردوں کو قیمت چکانا ہوگی۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جرات اور غیرمتزلزل عزم ملک کی خودمختاری کا سنگ بنیاد ہے، انہوں نے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو قوم کے حقیقی ہیرو قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں میں ملوث فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جائےگا، دہشتگردی پر اکسانے اور مالی معاونت کرنے والوں کا خاتمہ کریں گے، قبل ازیں وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں